اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ عمران نیازی کی نالائقی اور جہالت کی وجہ سے پاکستان کے دوست ممالک بھی ناراض تھے۔
عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری شنگھائی کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارت گئے، کانفرنس میں شرکت پاکستان کے بہترین مفاد میں تھی، بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کی سر زمین پر مودی کو بے نقاب کیا۔
پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا ہے کہ وزیر خارجہ نے کانفرنس میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا، بلاول بھٹو زرداری نے کانفرنس کے ممبر ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کی، عمران نیازی نے بڑی محنت کر کے پاکستان کو عالمی دنیا میں تنہائی کا شکار کیا تھا۔
انہوں نے کہا بلاول بھٹو زرداری نے اپنی صلاحیت سے پاکستان کے دوستوں میں اضافہ کیا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کا لندن جانا ملک کی ضرورت تھی، لندن میں وزیر اعظم کو کئی ممالک کے سربراہان سے ملاقات کا موقع ملا، عمران نیازی سیاسی ناکامیوں کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے۔