ضمنی بلدیاتی الیکشن میں کامیابی: سندھ میں تمام ڈسٹرکٹ چیئرمین جیالے ہوں گے: بلاول

Published On 07 May,2023 11:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ضمنی بلدیاتی الیکشن میں پارٹی کی کامیابی پر اظہار تشکر کیا۔

اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی سے لے کر کشمور تک عوام نے ایک بار پھر پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، تاریخی کامیابی ہے کہ کراچی اور حیدرآباد سمیت تمام ڈسٹرکٹ چیئرمین جیالے ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی عوام کے اعتماد، شہید قائدین و کارکنان کی قربانیوں اور جیالوں کی محنتوں کا ثمر ہے، جیالوں کے کندھوں پر ذمے داریاں بڑھ گئیں، عوام کی بلا امتیاز خدمت ہی ہمارا شعار ہے، پیپلز پارٹی کے چیئرمین و کونسلرز صوبے کی ہر گلی اور محلے کو ترقیاتی عمل کا حصہ بنائیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارٹی کے منتخب نمائندے یہ ازبر کر لیں کہ ہر گلی میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا گھر ہے اور ہر محلہ قائدِ عوام کا ہے، مجھے ہر عام پاکستانی کا گھر اسی طرح عزیز ہے، جیسے بلاول ہاؤس، جیالو کمر کس لو، عوامی خدمت کو نئی بلندیاں اور اقدار کا نیا معیار قائم کرنا ہے۔