کراچی: (دنیا نیوز) شہر اقتدار میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے دوران 11 یونین کونسلوں میں 5 لاکھ 80 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر یں گے۔
ضمنی بلدیاتی انتخابات میں مختلف سیاسی جماعتوں کے 2 سو 35 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، پولنگ صبح 8 بجے سے بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی، الیکشن کمیشن نے پولنگ کا عمل مکمل کرنے کے لئے 3 سو 2 پولنگ سٹیشنز بنائے ہیں۔
ضلع غربی میں اورنگی ٹاؤن کی یوسی ایک اور یو سی 2 ، مومن آباد ٹاؤن کی یو سی 8 پر ضمنی انتخاب ہو گا، ضلع کورنگی میں کورنگی ٹاؤن کی یوسی 2، لانڈھی ٹاؤن کی یوسی 8 اور شاہ فیصل ٹاؤن کی یوسی 2 میں پولنگ ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بلدیاتی الیکشن، پولیس کا سکیورٹی پلان تیار
ضلع وسطی میں نیو کراچی ٹاؤن کی یوسی 4 اور یوسی 13 جبکہ نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کی یوسی 6 پر ضمنی الیکشن ہوگا۔
ضلع کیماڑی میں بلدیہ ٹاؤن کی یوسی 2 اور ضلع جنوبی کے لیاری ٹاؤن کی یو سی 2 پر بھی پولنگ ہوگی، یاد رہے کہ ان نشستوں پر امیدواروں کے انتقال کی وجہ سے 15 جنوری کو انتخابات نہیں ہوسکے تھے۔