کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے 15 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی ری پولنگ کے تمام 59 نشستوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج موصول ہوگئے ہیں جس میں پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا۔
حیدرآباد، نوابشاہ، خیرپور، سکھر، سانگھڑ، جیکب آباد، کندھ کوٹ، لاڑکانہ اور بدین سمیت سندھ کے 15 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہا۔
غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے 39 نشستیں جیت کر میدان مار لیا جبکہ 6 نشستوں پر گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کامیاب رہی۔
اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف اور جے یو آئی نے 2 ،2 جبکہ ایم کیو ایم پاکستان نے ایک نشست حاصل کی۔
غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق 9 سیٹوں پر آزاد امیدوار جیت کر دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بلدیاتی انتخابات میں چیئرمین، وائس چیئرمین، ممبر ڈسٹرکٹ کونسل اور جنرل ممبر کی نشستوں پر مقابلہ تھا، ان حلقوں میں ہنگامہ آرائی اور دھاندلی کے الزامات پر انتخابات ملتوی کر دئیے گئے تھے۔
دوسری جانب سندھ کے مختلف علاقوں میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کے دوران حیدرآباد میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے کارکن آپس میں لڑ پڑے تھے۔
حیدرآباد میں یوسی 18 پر پولنگ کے دوران دو گروپوں میں تصادم ہوا، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے کارکنان گتھم گتھا ہو گئے، ایک دوسرے پر گھونسوں اور لاتوں کی بارش کی گئی۔