کراچی: (دنیا نیوز) کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے 26 اضلاع کی 63 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ شروع ہوگئی، سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوچکا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔
کراچی کے 7 اضلاع میں 11 یوسیز اور 15 وارڈز کی 26 نشستوں پر جبکہ دیگر 19 اضلاع میں 37 نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔
اس موقع پر کراچی میں پولیس کے 7 ہزار سے زائد اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ 26 اضلاع میں 292 پولنگ سٹیشن انتہائی حساس اور 157 حساس قرار دیئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:تمام حلقوں میں پُرامن طریقے سے پولنگ جاری ہے: ترجمان الیکشن کمیشن
جیکب آباد، کشمور، شکارپور، نواب شاہ، سانگھڑ، مٹیاری، ٹنڈوالہیار اور جامشورو میں ایک ایک نشست پر پولنگ ہوگی جبکہ گھوٹکی، سکھر، خیرپور، بدین اور سجاول میں دو، دو نشستوں پر انتخاب ہوگا۔
نوشہروفیروز، دادو اور ٹھٹھہ میں تین، تین نشستوں جبکہ حیدرآباد میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں دس نشستوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔
یاد رہے کہ ممبر ڈسٹرکٹ کونسل، چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل کونسل کی نشستوں پر امیدواروں کے انتقال سمیت دیگر وجوہات پر الیکشن نہیں ہوسکے تھے۔