اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ سندھ کے تمام حلقوں میں پولنگ کا عمل پُرامن طریقے سے جاری ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سندھ کے 26 اضلاع میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر شروع ہوئے، مرکزی کنٹرول روم اسلام آباد سے پولنگ کے عمل کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال مرکزی کنٹرول روم میں مانیٹرنگ ٹیم کے ساتھ موجود ہیں۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق چند پولنگ سٹیشنوں پر جو شکایات تھیں ان کو موقع پر حل کر لیا گیا، یہ شکایات معمولی نوعیت اور کارکنان کے لڑائی جھگڑوں کے حوالے سے تھیں۔
واضح رہے کہ سندھ کے 26 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ جاری ہے جو صبح 8 سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔