کراچی: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کاسٹنگ ووٹ کم ہیں اور پیپلز پارٹی کے زیادہ نکل رہے ہیں، یہ جمہوریت کو مسمار کر کے اپنا میئر مسلط کرنا چاہتے ہیں، ہم الیکشن کے نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن تبدیل کر دیئے گئے، پولنگ اسٹیشن پر پیپلز پارٹی نے اپنا سٹاف لگایا، کراچی کی دونوں یوسیز پر قبضہ کرنے کی کوشش کی، جماعت اسلامی کے کارکنوں کو تشدد کا نشانہ گیا، پیپلز پارٹی کے جتھوں کو پولیس تحفظ فراہم کر رہی ہے، نیو کراچی میں جعلی ووٹ ڈالے گئے، یہ اپنی مرضی کے نتائج بنانا چاہتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہیے، سرکاری مشینری اور سارے وسائل ایک طرف ہیں دوسری طرف عوامی لوگ ہیں، جبر اور طاقت کے باوجود 8 یوسیز میں جماعت اسلامی آگے ہے، نارتھ کراچی کی یوسیز 13 میں پی پی نے دھاندلی کی کوشش کی، عوام کو ووٹ کاسٹ کرنے سے روکا گیا، 5 بجے پولنگ ختم ہو گئی لیکن ابھی تک نتائج روکے ہوئے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ اورنگی ٹاؤن میں ہمارے کیمپ پر دھاوا بولا گیا، سیدھی گولیاں ماری گئیں، کئی ڈبوں میں تو پرانے الیکشن کے بیلٹ پیپر نکل آئے ہیں، جمہوریت کا راگ الاپنے والے دھجیاں اڑا رہے ہیں، الیکشن کمیشن والے ساکھ بحال کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں درست نتائج دیں، رینجرز اور پولیس تحفظ دینے میں ناکام ہو گئی، ضمنی الیکشن کے رزلٹ آنے میں اتنی دیر کیوں لگ رہی ہے؟۔