کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے وزرا ناصر حسین شاہ اور شرجیل انعام میمن نے پیپلز میرین واک منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
افتتاحی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ یہ منصوبہ سندھ کیلئے ہے، بیرون ملک جاتے ہیں تو اس طرح کی سرگرمیاں دیکھتے ہیں، یہ بلاول بھٹو کے نظریہ کی ایک کڑی ہے، یہاں پر پاکستان اور ٹورسٹ کیلئے خوبصورت سپارٹ بنایا جائے گا۔
ناصر شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان ایک فتنہ ہے، یہ بیرونی سازش ہے اور یہ دوسروں پر الزامات عائد کرتا تھا، جب اس طرح کے افراد کے مقاصد منظرعام پر آتے ہیں تو زیادہ ٹک نہیں پاتے، انہوں نے جناح ہاؤس کا کیا حال کیا، انہوں نے پیپلز بس اور ایمبولینس سمیت پرائیویٹ گاڑیاں بھی جلا دیں، یہ سازشیں پاکستان پر منفی اثرات مرتب کرنے کیلئے کی جا رہی ہیں۔
صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے مزید کہا ہے کہ ہمارے سپہ سالار کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی ہے، جس طرح 2018 میں اس کو لایا گیا، اس طرح اب اس کو دوبارہ مینڈیٹ نہ دیا جائے، جب ادارے دیکھتے ہیں کہ ان کا لاڈلہ کیا کر رہا ہے تو وہ بھی ہاتھ اٹھا لیتے ہیں، 2018 کے انتخابات میں اس وقت کے چیف جسٹس نے کاؤنٹنگ سے منع کر دیا تھا۔
اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز بس سروس کا نقصان پی ٹی آئی نے اپنے لیڈروں کے کہنے پر کیا، پی ٹی آئی کے سارے ایم پی اے، سابق ایم این انتشار کا پیغام دے کر خود بھاگ گئے، عمران خان کی ایک ویڈیو آئی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے مزید کہا ہے کہ عمران خان کی اس کیس میں سزا پکی ہے، عمران خان کی ضمانت اب مسترد ہو گی، عمران خان چور ڈکیت تو تھا نااہل بھی ہے، ان کے بیان کے بعد اب چیف جسٹس ضمانت نہیں دے سکیں گے۔