اسلام آباد: (دنیانیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے استاد، ڈرامہ نویس، مزاح نگار، دانشور، شاعر اور فیض احمد فیض کے داماد شعیب ہاشمی کے انتقال پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے منیزہ ہاشمی، سلیمہ ہاشمی اور دیگر اہل خانہ سے شعیب ہاشمی کی وفات پرہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شعیب ہاشمی نے پی ٹی وی کے سنہری دور میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے طنز و مزاح کے پروگراموں میں نئی جہت متعارف کروائی اور یادگار اور ناقابل فراموش ڈرامے لکھے ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اُن کے قلم سے روشن اقدار، روایات اور نظریات کو فروغ ملا، ان جیسے قلم کار اور دانشور نے معاشرے کو تہذیب، سلیقہ اور ادب سکھایا ، اُن کی وفات معاشرے، فن اور ادب کا بڑانقصان ہے۔
وزیراعظم نے اللہ تعالی سے مرحوم کے درجات کی بلندی اورلواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے معروف دانشور، استاد، ڈرامہ نگار اور شاعر فیض احمد فیض کے داماد شعیب ہاشمی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تعزیتی بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ شعیب ہاشمی کے انتقال کی خبر سن کر دلی افسوس ہوا، مرحوم پی ٹی وی کے ابتدائی دور کے پروگراموں کے خالق تھے، مرحوم کی شعبہ تدریس سمیت شوبز انڈسٹری کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،
یہ بھی پڑھیں :معروف اداکار اور ڈرامہ نویس شعیب ہاشمی انتقال کرگئے
وفاقی وزیر اطلاعات نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلی مقام اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت و حوصلہ عطا فرمائے۔
پاکستان کے معروف اداکار، دانشور ، ڈرامہ نویس اورپروفیسرشعیب ہاشمی طویل علالت کے بعد آج لاہور میں انتقال کرگئے تھے ۔