معروف اداکار اور ڈرامہ نویس شعیب ہاشمی انتقال کرگئے

Published On 15 May,2023 12:50 pm

لاہور: (دنیانیوز) پاکستان کے معروف اداکار، دانشور ، ڈرامہ نویس اورپروفیسرشعیب ہاشمی طویل علالت کے بعد آج لاہور میں انتقال کرگئے ۔

سرکاری ٹی وی اور شعیب ہاشمی  کے بیٹے عدیل ہاشمی  ان  کے انتقال کی خبر کی تصدیق کی ہے ، ان کی عمر 84 برس تھی۔

شعیب ہاشمی نے گورنمنٹ کالج لاہور سے ماسٹر آف آرٹس  اور لندن سکول آف اکنامکس سے معاشیات کی ڈگری حاصل کی ، انہوں  نے  لندن سے تھیٹر کی ڈگری بھی حاصل کررکھی تھی ۔

وہ  کئی برس  گورنمنٹ کالج لاہور میں درس و تدریس سے منسلک  رہے ،  پاکستان میں ٹیلی ویژن کے ابتدائی دور میں شعیب ہاشمی کے پروگرام زبردست مقبول ہوئے، انہوں نے  معروف ڈرامے لکھے اور ان میں اداکاری بھی کی ، ان کے معروف ڈراموں میں اکڑبکڑ، سچ گپ، ٹال مٹول شامل ہیں۔

شعیب ہاشمی نے 1990 میں نجی اخبارمیں ٹال مٹول کے نام سے کالم نگاری بھی کی ، انہیں 1995میں حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ حسن کارکردگی  اورتمغہ امتیازسے نوازا گیا۔

 شعیب ہاشمی کی شادی پاکستان کے نامور شاعر فیض احمد فیض کی بیٹی اور آرٹسٹ و ماہر تعلیم سلیمہ ہاشمی سے ہوئی، ان کے دو بچے عدیل ہاشمی اور میرا ہاشمی ہیں۔