اسلام آباد: (دنیانیوز) قومی اسمبلی نے جناح ہاؤس، جی ایچ کیو سمیت دیگر سرکاری املاک اور فوجی تنصیبات پرحملوں کیخلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی۔
سپیکرراجہ پرویزاشرف کی زیرصدارت قومی اسمبلی اجلاس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے سرکاری املاک پر حملوں کیخلاف قرارداد پی ٹی آئی کے ناراض رکن وجیہہ قمر نے پیش کی۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وہ کام کیا جو آج تک ملک دشمن نہ کر سکے، جو ان شرپسندوں نے کیا ایسا 75 سالہ تاریخ میں نہیں ہوا۔
اپوزیشن لیڈر نے عمران خان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے افواج پاکستان کے خلاف سازش کی، انہیں سر عام پھانسی دینی چاہیے، شرپسندوں نے کور کمانڈر کے گھر کو جلایا، ہمارے جہازوں کو بھارت آج تک گرا نہیں سکا، آج ملک دشمنوں اور غداروں نے طیاروں کو آگ لگا دی، انہوں نے ریڈیو سٹیشن پشاور کو آگ لگا دی۔
راجہ ریاض کا مزید کہنا تھا کہ ریمانڈ کے دوران لاڈلے کو عزت واحترام سے گیسٹ ہاؤس بھیجا گیا، اس شخص کو سرعام پھانسی دینی چاہیے تھی۔
قومی اسمبلی میں بات کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عدلیہ میں ایک گروہ ہے وہ فیصلے نہیں سیاست کر رہا ہے، عدلیہ کی روایات اور حدود کی پامالی ہو رہی ہے، چار تین کا فیصلہ آیا ہوا ہے اور اس کی خلاف ورزی کی گئی ہے، ایک فرد واحد اپنے فیصلے مسلط کر رہا ہے۔
وقت آگیا ہے کہ پارلیمنٹ اپنے آئینی اختیارات کو استعمال کرے، ایک کمیٹی بنائی جائے جو 4 لاکھ زیر التو کیسز کا جائزہ لے، پاکستان کی عالمی انصاف کے انڈیکس میں 11 پوائنٹس تنزلی ہوئی، اس کا بھی جواب دیں۔
علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں چیف جسٹس آف پاکستان عمرعطاء بندیال کے خلاف ریفرنس لانے کے لیے خصوصی کمیٹی کی تشکیل کیلئے تحریک کی بھی منظوری دی گئی ۔