گوجرانوالہ : ( دنیا نیوز ) پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کے دن گنے جا چکے ہیں ، انہیں عوام کا سامنا بھی کرنا پڑے گا اور جیل بھی جانا پڑے گا۔
گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اپنے سیاسی مقاصد کے لیے عمران خان کی گرفتاری پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے جلاؤ گھیراؤ کیا، جناح ہاؤس اور جی ایچ کیو سمیت سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ کیپٹن شیر خان شہید کی بہادری کے دشمن بھی گرویدہ تھے ، تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے ان کے مجسمے کی بھی توہین کی گئی ، چاغی کے ماڈل کو بھی تباہ کر دیا گیا اور یہ عمران خان کی سوچی سمجھی منصوبہ بندی تھی ۔
عطا تارڑ نے کہا کہ جو دشمن نہ کر سکا وہ عمران خان نے اپنی کرپشن کو چھپانے کے لیے کر دیا، آپ کے ورکرز کو گرفتار نہ کریں تو کیا ان کو پھولوں کے ہار پہنائیں ، ان کے خلاف دہشتگردی کے کیس بھی چلیں گے آرمی ایکٹ کے تحت بھی مقدمے چلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اس ملک کی تاریخ کا ایک اہم ترین موڑ ہے ، کورٹ سے بھی درخواست کریں گے کہ اس معاملے میں حائل نہ ہوں، جن لوگوں نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا ان کو رہائی مت دیں ، مٹھی بھر مجرم ہیں جو ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر ان کے خلاف ویڈیو پیغام جاری کررہے ہیں جو ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں۔