وزیراعظم کا پی کے ایل آئی لاہور کا دورہ، مریضوں، ڈاکٹروں سے خصوصی گفتگو

Published On 20 May,2023 08:49 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی) لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زیر علاج مریضوں اور تعینات ڈاکٹروں سے خصوصی گفتگو کی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی) لاہور میں غریبوں کے علاج کیلئے جاری پروگرامز پر جائزہ اجلاس ہوا۔

دوران گفتگو وزیراعظم نے کہا کہ پی کے ایل آئی میں تعینات ڈاکٹرز دستیاب وسائل کو خلوص نیت سے غریب مریضوں کے علاج کیلئے استعمال کریں، غریب مریضوں کیلئے جدید علاج کا یہ ادارہ خلوص نیت اور خدا کی خوشنودی کیلئے بڑی محنت سے بنایا تھا، وفاقی اور صوبائی حکومت اسے مکمل طور پر فعال کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پی کے ایل آئی میں جدید علاج کی سہولتوں کو غریب مریضوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر بلا تعطل استعمال کیا جائے اور نرسنگ کالج کے پراجیکٹ میں فنی تعلیم کے عالمی معیار کو یقینی بنانے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پی کے ایل آئی میں علاج کیلئے درکار جدید آلات کے حصول کیلئے انتظامی مراحل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔

Advertisement