لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے گھر زمان پارک کے راستے کھول دیئے گئے۔
پولیس نے زمان پارک کے اطراف میں سڑکوں پر لگائے گئے کنٹینرز اور کیمپ ہٹا دیئے، کلیئر کرائی گئی گرین بیلٹ پر نئے پودے بھی لگا دیئے گئے۔
زمان پارک کے اطراف میں تعینات کی گئی پولیس کی بھاری نفری بھی واپس بلا لی گئی ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائش گاہ والے علاقے زمان پارک میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے آپریشن کلین اپ کر کے مکمل طور پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔
زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ کی دونوں گلیوں کو بیریئرز اور کنٹینرز سے بند کیا گیا تھا اور زمان پارک کا علاقہ عام شہریوں کیلئے نو گو ایریا بن چکا تھا۔
ضلعی انتظامیہ نے کرینوں کی مدد سے دونوں گلیوں کے بیریئرز اور کنٹینرز ہٹانے کا کام شروع کیا تھا۔