پشاور : (دنیانیوز) خیبر پختونخوا کے سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر ہشام انعام اللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں 9 مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی سے منسلک رہنا اپنی توہین اور ملک سے بیوفائی تصور کرتا ہوں۔
سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر ہشام انعام اللہ نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے سیاہ دن ہمارے شہدا کی توہین کی گئی ان کی تصاویر جلائی گئیں، مجسمے گرائے گئے، شرپسند عناصر نے پاکستان کے وقار کو مجروح کیا جو میری نظر میں قابل مذمت اور ناقابل معافی ہے۔
ہشام انعام اللہ لکی مروت سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، وہ گزشتہ دور حکومت میں صوبائی وزیر صحت تھے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چنیوٹ کے ضلعی صدر ذوالفقار علی شاہ نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
ذوالفقار علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی مکمل سیاسی قوت تحریک انصاف کے لیے وقف کردی تھی، مجھے معلوم ہے کہ آج کے بعد مجھے شدید ردعمل کا سامنا کرنے پڑے گا، مجھے برا بھلا کہا جائے گا کہ مشکل وقت میں پارٹی چھوڑ کر چلا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں ہر چیز کی قیمت دینے کے لیے تیار ہوں لیکن میں ریاست مخالف نہیں ہوں، میرے خون میں ہی نہیں کہ میں ریاست مخالف ہوجاؤں، میں پارٹی عہدے اور پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دے رہا ہوں، اگر یہی سیاست ہے تو میں ایسی سیاسی سرگرمیوں کا حصہ نہیں بن سکتا۔