لاہور: (دنیا نیوز) زمان پارک آپریشن کیلئے سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے حکومتی مذاکراتی ٹیم کے سامنے شرائط رکھ دیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے زمان پارک میں موجود گھر کی تلاشی کیلئے حکومتی مذاکراتی ٹیم میں کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا، ڈی سی لاہور رافعہ حیدر، ڈی آئی جی اور دیگر حکام شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: مجھے 8 لوگوں کی لسٹ دی گئی کہ یہ ہمارے حوالے کر دیں، عمران خان
مذاکراتی ٹیم عمران خان کے گھر کے اندر گئی جہاں چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم بھی ان کے ساتھ موجود تھی، آپریشن ٹیم کو عمران خان کے گھر داخل ہونے میں کسی قسم کی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
مذاکرات کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے حکومتی ٹیم کے سامنے شرائط رکھیں کہ 5 سے زیادہ لوگ زمان پارک میں سرچ آپریشن نہیں کریں گے، خواتین بھی سرچ آپریشن ٹیم میں شامل ہوں جبکہ زمان پارک کے اطراف سے تمام ناکے ختم کیے جائیں۔