لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مذاکراتی ٹیم نے مجھے 8 لوگوں کی لسٹ دی اور کہا یہ ہمارے حوالے کر دیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ آج مذاکراتی ٹیم مجھ سے ملنے آئی، پہلے کہہ رہے تھے کہ زمان پارک میں دہشتگرد ہیں اب کہتے ہیں وانٹڈ لوگ ہیں، اس طرح تو ساری پی ٹی آئی ہی وانٹڈ ہے جس طرح سے آپ نے ہمارے کارکن اٹھائے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہم بھیڑ بکریاں نہیں انسان ہیں، ہرگز نہیں جھکیں گے، عمران خان
انہوں نے کہا کہ گھر سرچ کرنے کا کہا گیا تو میں نے منع کر دیا، اگر آپ وانٹڈ لوگ سرچ کرنا چاہتے ہیں تو میرے گھر کی کیوں تلاشی چاہیے، جیسے لاہور ہائیکورٹ نے پہلے اجازت دی تھی ویسے آ جائیں لیکن جیسے میرے گھر پر حملہ کیا، چیزیں چوری کیں اس کی اجازت نہیں دوں گا۔
یہ بھی پڑھیں: جناح ہاؤس حملے سے پاکستان کی بدنامی ہوئی، مذمت کرتا ہوں، عمران خان
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہماری لیڈرشپ تو کارکنان کو پر امن رہنے کا پیغام دیتی رہی ہے، سب کی ویڈیوز موجود ہیں، یہ لوگ پی ٹی آئی کو کرش کرنا چاہتے ہیں، اب سے نہیں بہت پہلے سے، یہ جو بھی کر رہا ہے اس کو مشورہ ہے کہ پولیٹیکل پارٹی ایسے ختم نہیں ہوتی، ایسے کبھی دنیا میں نہیں ہوا کہ عورتوں کو ذلیل کیا جائے اور لوگوں کے گھروں کو توڑا جائے۔
عمران خان نے کہا کہ جن لوگوں نے ریزائن کیا ہے مجھے ان لوگوں کو دیکھ کر ترس آتا ہے، کتنے پریشر میں ہوں گے، ان کو یہ سمجھ نہیں لگ رہی کہ ان معاملات سے ہمارا ووٹ بینک بڑھ رہا ہے، صحافیوں کو کہنا چاہتا ہوں جو کہتے ہیں عمران خان بہت سختی کر رہا ہے، مجھے بتائیں میں نے اپنے دور میں ایسا کب کیا۔