القادر ٹرسٹ کرپشن کیس: نیب نے عمران خان کو دوبارہ طلب کر لیا

Published On 19 May,2023 10:00 pm

لاہور: (دنیا نیوز) القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں برطانیہ سے 19 کروڑ پاؤنڈ کی غیر قانونی منتقلی پر نیب نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو 23 مئی کو دوبارہ طلب کر لیا۔

نیب کی طرف سے سابق وزیر اعظم کو 23 مئی کو نیب دفتر میں کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، نیب ٹیم نے عمران خان کو 18 مئی کو طلب کیا تاہم وہ غیر حاضر رہے، نیب کی کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم عمران خان کو شامل تفتیش کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: مجھے 8 لوگوں کی لسٹ دی گئی کہ یہ ہمارے حوالے کر دیں، عمران خان

عمران خان سے 19 کروڑ پاؤنڈز کی غیر قانونی منتقلی سے متعلق 20 سوالوں کے جواب طلب کیے گئے ہیں، عمران خان نے برطانیہ سے 19 کروڑ پاؤنڈز لاکر واپس ملزمان کو دے کر مالی فائدے لیے۔

نیب کا کہنا ہے کہ ریاست پاکستان کے 19 کروڑ پاؤنڈز ملزمان کو واپس کرکے عمران خان نے 458 کنال زمین اور 28 کروڑ روپے حاصل کیے، ملزمان کو 19 کروڑ پاؤنڈز واپس کر کے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے ٹرسٹ نے عطیات کی مد میں بھاری رقوم لیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان اور حکومتی ٹیم کی ملاقات، تلاشی کیلئے ایس او پیز پر بات چیت

عمران خان 2 مارچ کے کال اَپ نوٹس میں پیش ہوئے نہ ہی کوئی جواب دیا، عمران خان جان بوجھ کر نیب انکوائری سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں، نیب نے عمران خان سے برطانوی کرائم ایجنسی کے ساتھ خط و کتابت اور 19 کروڑ پاؤنڈز کے فریزنگ آرڈرز کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔

نیب نے عمران خان سے القادر یونیورسٹی کو ملنے والے تمام عطیات اور القادر ٹرسٹ کو عطیات دینے والوں کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا، عمران خان نے خود القادر ٹرسٹ کو کتنے عطیات دیے؟ اس کے بارے میں بھی تفصیلات مانگ لیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہم بھیڑ بکریاں نہیں انسان ہیں، ہرگز نہیں جھکیں گے: عمران خان

القادر یونیورسٹی کے پنجاب ہائرایجوکیشن سے الحاق، القادر ٹرسٹ اور ملزمان کی کمپنی کے درمیان ٹرسٹ ڈیڈ کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے، نیب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عمران خان تفتیش میں شامل نہ ہوئے تو سنگین نتائج مرتب ہوں گے۔

عمران خان نے القادر ٹرسٹ کیس میں نیب طلبی کا دوسرا نوٹس وصول کر لیا، عمران خان نے اپنے وکیل علی اعجاز بٹر کے ذریعے نیب نوٹس وصول کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ: انصاف نہ ہوا تو حکومت کے گلے پڑ جائے گا، شیخ رشید

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی 23 مئی کو صبح تفتیش جوائن کرنے کے لیے نیب کے سامنے پیش ہوں، جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم عمران خان سے تحقیقات کرے گی۔

Advertisement