جب ججز آبدیدہ ہوں گے تو لوگ اپنا رونا کہاں روئیں گے: شیخ رشید

Published On 20 May,2023 11:50 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جب ججز آبدیدہ ہوں گے تو لوگ اپنا رونا کہاں روئیں گے، آئین و قانون اور عدلیہ کے فیصلوں کی بے توقیری ہو رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پڑھے لکھے لوگوں کو بے گناہ گرفتار کیا جا رہا ہے، جب یہ پڑھا لکھا نوجوان باہر نکلے گا ملک چھوڑ جائے گا یا انتہا پسندوں کے ہتھے چڑھ جائےگا، عدالتیں ہی انہیں قانونی معاشرے کا حصہ بنا سکتی ہیں، راستہ عدالتوں سے ہی نکلے گا۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ جب ججز آبدیدہ ہوں گے تو لوگ اپنا رونا کہاں روئیں گے، آئین و قانون اور عدلیہ کے فیصلوں کی بے توقیری ہو رہی ہے، ججز کہہ رہے ہیں کہ ہمارے فیصلوں کی تذلیل ہو رہی ہے، آئین کیساتھ جس طرح مذاق ہو رہا ہے ایسا طرزعمل غیر آئینی حکومت میں بھی نہیں دیکھا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف کورٹ کے اندر سے ہی گرفتار نہیں کیا جا رہا بلکہ ضمانت ہونے پر دوسرے کیس یا دوسرے صوبے کی پولیس گرفتار کر لیتی ہے، سپیکر 72 ارکان قومی اسمبلی کو کبھی اسمبلی نہیں آنے دے گا بلکہ عدلیہ کے فیصلے کی نافرمانی کرے گا۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ ڈالر 302 کا ہوگیا، آئی ایم ایف سے کٹی ہوگئی، خیالی بجٹ اور عدالتی فیصلوں سے فراری ڈار مزید تباہی پھیلائے گا۔
 

Advertisement