راولپنڈی: (دنیا نیوز) القادر ٹرسٹ کیس میں نیب نے سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو ریکارڈ سمیت 24 مئی کو طلب کر لیا۔
اس حوالے سے ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ نیب کا مشکور ہوں کہ اس نے مجھے بھی 190 ملین پاؤنڈ کے کیس میں عمران خان کے ساتھ فریق بنا دیا ہے، شکر ہے انہوں نے مجھے بھی 190 ملین پاؤنڈ کے قابل سمجھا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کئی روز سے لال حویلی اور میری والدہ والے گھر پر چھاپے مار رہی ہے، پولیس سے کہنا چاہتا ہوں کہ گھروں میں داخل ہوتے ہوئے خواتین کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھیں، پاکستان کے حالات آگے ہی بہت خراب ہیں، جب تک گرفتار نہیں ہوتا، دن میں 2 مرتبہ ٹوئٹر استعمال کروں گا۔
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) May 17, 2023
شیخ رشید نے کہا کہ میں اپنی جنگ آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے لڑوں گا، ساری قوم کو خوشخبری سنانا چاہتا ہوں کہ عدلیہ جیتے گی، چند سو لوگ چند گھنٹے گھیراؤ کے بعد ذلیل اور رسوا ہو کر چلے گئے، 15 جون سے پہلے فیصلے آئیں گے، آئین اور قانون جیتے گا، عدلیہ جیتے گی، پاکستان کے عوام جیتیں گے، حق اور سچ کی فتح ہو گی۔
سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ چٹان کی طرح ڈٹا رہوں گا، جیل میرا سسرال ہے، میرا بستر بند، اٹیچی کیس تیار ہے، 190 ملین پاؤنڈ میں شریک کرنے پر نیب کا بہت بہت شکریہ۔