ہنگامہ آرائی کیس: عمران اسماعیل 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

Published On 20 May,2023 12:56 pm

کراچی: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے ہنگامہ آرائی کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری پر احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

پولیس نے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا۔

دوران سماعت تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم کے خلاف سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور دہشت پھیلانے کے الزامات ہیں، ملزم سے تفتیش کیلئے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

عدالت نے عمران اسماعیل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا اور پی ٹی آئی رہنما کو پیر کے روز عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیشرفت رپورٹ بھی طلب کر لی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پولیس نے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کو کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 سے حراست میں لیا تھا۔

 

Advertisement