اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب ملزم کے 48 ہزار 674 روپے کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کی درخواست پر چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے برہمی کا اظہار کیا جس پر نیب نے کیس واپس لے لیا۔
سپریم کورٹ میں نیب ملزم کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطاء بندیال اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کسی کی سماعت کی۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے نیب پراسکیوٹر سے استفسار کیا کہ ملزم کے اکاؤنٹس میں کتنی رقم ہے جو منجمد کرنی ہے؟، جس پر نیب پراسکیوٹر نے کہا کہ 48 ہزار 674 روپے کے بینک اکاؤنٹ کے فریزنگ آرڈر درکار ہیں۔
چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسا مذاق ہے، نیب اس وقت اختیار کا غلط استعمال کر رہا ہے، نیب کو ایک اختیار مل گیا جسے ہر جگہ استعمال کر رہا ہے، نیب صرف 48 ہزار روپے کے پیچھے پڑا ہوا ہے، 48 کروڑ ہوتے تو بات بھی تھی۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ نیب شفاف کام نہیں کر رہا، نیب کو ایسی درخواست دائر نہیں کرنی چاہیے تھی، بعدازاں نیب نے درخواست واپس لے لی جس پر سپریم کورٹ نے کیس نمٹا دیا۔