لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے عدم پیشی پر نیب راولپنڈی کو تحریری جواب بھجوا دیا۔
سابق وزیراعظم نے جواب میں لکھا ہے کہ لاہور میں مختلف مقدمات میں ضمانت کیلئے موجود ہوں جس کے باعث نیب راولپنڈی پیش نہیں ہوسکتا، نیب نوٹس میں عائد الزامات بے بنیاد اور جھوٹ ہیں، نیب نے انکوائری میں ایک نوٹس جاری کیا جس کا مکمل جواب دے دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان اور بشریٰ بی بی طلبی کے باوجود نیب راولپنڈی میں پیش نہیں ہوئے
عمران خان نے لکھا کہ دوران حراست نیب نے انکوائری رپورٹ دی جو کپڑوں اور شیونگ کٹ کے ساتھ پولیس لائن میں ہی رہ گئی، پولیس لائنز میں رہ جانے والی انکوائری رپورٹ، کپڑے اور شیونگ کٹ فوراً زمان پارک بھجوائیں یا میں اپنے وکیل گوہر علی خان کو بھیجوں جو نیب دفتر سے انکوائری رپورٹ لے لے۔
سابق وزیراعظم نے مزید لکھا کہ انکوائری رپورٹ کے بغیر نیب نوٹس کا جواب نہیں دے سکتا، برطانیہ اور حکومت پاکستان کے درمیان خط و کتابت کا ریکارڈ میرے پاس نہیں، سرکاری دستاویزات متعلقہ سرکاری اداروں کے پاس ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: بدمعاشوں اور مجرموں کا گروہ قوم پر حاوی ہو چکا ہے: عمران خان
یاد رہے کہ نیب نے کل زمان پارک میں 3 صفحات پر مبنی نوٹس موصول کروایا تھا، نوٹس میں عمران خان کو آج صبح 10 بجے نیب راولپنڈی پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔