تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں ملک امین اسلم اور ڈاکٹر امجد نے پارٹی چھوڑ دی

Published On 18 May,2023 04:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں ملک امین اسلام اور ڈاکٹر محمد امجد نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ آج میں تحریک انصاف کو چھوڑ رہا ہوں، مجھ پر بالکل بھی کسی چیز کا دباؤ نہیں ہے، ہم نے پی ٹی آئی کو 13 سال پہلے جوائن کیا، جو ہوسکتا تھا میں نے تحریک انصاف کیلئے کیا، بلین ٹری سونامی منصوبے کو دنیا میں مانا گیا، پارٹی کو دیئے گئے ایجنڈے کو سراہا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما ملک امین اسلم نے مزید کہا کہ پارٹی کا ایجنڈا ایک پرامن تھا، 9 مئی کے واقعات نے ہمیں سوچنے پر مجبور کر دیا، فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، ان 10 دن میں کالی بھیڑوں کو بے نقاب کر کے لٹکا دینا چاہیے تھا، پی ٹی آئی کا یہ ایجنڈا دشمنوں کے خواب کو پورا کر رہا ہے، جلوسوں کو شہداء کی یادگاروں تک کون لے کر گیا۔

ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے سب کچھ بے نقاب ہونا چاہیے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، ملک کی سیاست ہے، میں اس ایجنڈے کے ساتھ مزید نہیں چل سکتا، سمجھتا ہوں یہ ایک ایسا ایجنڈا ہے جس نے اس پارٹی کو ہائی جیک کرلیا ہے، میری سیاست کا مقصد یہ کبھی بھی نہیں رہا، یاد رہے ملک امین اسلم پی ٹی آئی حکومت میں مشیر موسمیاتی تبدیلی رہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر امجد نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چند مفاد پرستوں کا ٹولہ عمران خان کے ارد گرد موجود ہے، 9 مئی کو ہنگامے، دہشت گردی کے واقعات ہوئے، 9 مئی کو جو کچھ ہوا ہم شرمندہ ہیں، سرحدوں کی حفاظت کرنے والوں کو اگر دیوار سے لگائیں گے تو پھر ملک کی حفاظت کون کرے گا۔

ڈاکٹرمحمد امجد نے مزید کہا کہ ہم تو سمجھتے تھے تحریک انصاف ملک کو بحران سے نکالے گی، اپنی انا کی خاطر دو اسمبلیاں قربان کر دیں، یہ عوام نہیں اپنی ذات کی جنگ ہے، گزشتہ چار ماہ چیئرمین، سیکرٹری جنرل کو میسج کیے محاذ آرائی نہ کریں، اگر افواج اور عوام آمنے سامنے ہو گی تو کیا ملک ترقی کر سکتا ہے، تین، چار لوگ چیئرمین کوغلط فیصلوں کیلئے اکساتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے کچھ اور کرتے کچھ ہیں، لوگوں کو آپس میں لڑانے کا ہم حصہ نہیں بن سکتے، زمان پارک میں خواتین کو شیلڈ بنایا ہوا ہے، چار سال تین ماہ تحریک انصاف میں گزارے، جب تحریک انصاف جوائن کی تب بھی فنڈز لیا گیا، ڈیڑھ سال پہلے تین کروڑ روپے کا میڈیا سینٹر بنا کر دیا، ڈیڑھ سال میڈیا سینٹر چلایا لیکن افواج پاکستان کے خلاف کوئی ایکٹویٹی نہیں کرنے دی۔

ڈاکٹرمحمد امجد نے کہا کہ تحریک انصاف چھوڑ کر فلاحی کاموں میں حصہ لوں گا، محاذ آرائی کو ختم کر کے ملک کو ترقی کی جانب لے جانا ہوگا، ملکی تباہی کا سبب بننے والی سیاست کا حصہ نہیں بن سکتا، سائفر کی سازش سے اتفاق نہیں کرتا، سائفر کے حوالے سے ان کے پاس کوئی واضح ثبوت نہیں تھا، عمران خان اداروں سے ٹکراؤ کی سیاست بند کریں اور مفاد پرست ٹولے کو اپنے کمرے سے باہر نکالیں۔
 

Advertisement