جناح ہاؤس حملہ کیس: پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

Published On 18 May,2023 05:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما میاں محمود الرشید کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت میں جناح ہاؤس پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ کیس کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے میاں محمود الرشید کے خلاف درج مقدمہ کی سماعت کی، دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت سے محمود الرشید کے 20 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

یہ بھی پڑھیں: متنازع ٹوئٹ کیس: اعظم سواتی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ پولیس کو میاں محمود الرشید کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ ملا تھا مگر ملزم ہسپتال داخل ہو گیا، لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر میاں محمود الرشید کا میڈیکل بورڈ بنا کر طبی معائنہ کیا گیا اور ان کو ہسپتال داخل کیا گیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ہسپتال میں ہونے کے باعث ملزم سے تفتیش مکمل نہیں ہو سکی لہٰذا 20 روز کا مزید جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے، عدالت نے پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے محمود الرشید کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: جناح ہاؤس حملہ کیس: ڈاکٹر یاسمین راشد کی میڈیکل رپورٹ پیش، جسمانی ریمانڈ موخر

واضح رہے میاں محمود الرشید پر جناح ہاؤس پر حملہ اور فائرنگ کا الزام ہے، تھانہ سرور روڈ پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کیخلاف مقدمہ درج کررکھا ہے۔
 

Advertisement