سیاسی انتقام کی حد ہو گئی، ایک ریسٹورنٹ سیل، دوسرا گرا دیا گیا، خرم شیر زمان

Published On 18 May,2023 07:48 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے سیاسی انتقام کی حد ہو گئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پہلے سندھ فوڈ اتھارٹی کے تحت میرے صدر کے ریسٹورنٹ کوسیل کیا گیا، پھر دوسری برانچ کو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ذریعے گرا دیا گیا۔

واضح رہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے خرم شیر زمان کا ریسٹورنٹ غیرقانونی تعمیرات قرار دے کر مسمار کیا، ایس بی سی اے حکام کا کہنا ہے کہ رہائشی پلاٹ پر غیرقانونی طور پر تجارتی سرگرمیاں جاری تھیں، ریسٹورنٹ کو متعدد نوٹس جاری کئے گئے تھے مگر کوئی جواب نہیں دیا گیا جس کے باعث اس پلاٹ پر قائم ریسٹورنٹ کومسمار کردیا گیا۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے محکمہ ڈیمولیشن کی ٹیم نے پلاٹ نمبر 66 بلاک 3 بہار سوسائٹی شرف آباد میں قائم ریسٹورنٹ کو ہیوی مشینری کی مدد سے مسمار کیا، انہدامی کارروائی میں پہلے افرادی قوت کے ساتھ ہتھوڑوں کے ذریعے دیواروں کو توڑا گیا پھر ہیوی مشینری کی مدد سے پورے انفراسٹرکچر کو مسمار کر دیا گیا، اس موقع پر پولیس کی نفری بھی وہاں موجود تھی۔

 

Advertisement