اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کو چیلنجز کا سامنا ہے، چیلنجوں کے باوجود معاشی بہتری کے لیے دن رات کوششیں جاری ہیں، پاکستان کسی بھی صورت ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔
فیڈرل بیورو آف ریونیو (ایف بی آر) میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ بجٹ کے حوالے سے آنے والی تمام تجاویز کا خیر مقدم کریں گے، ہم سب نے مل کر پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے، پاکستان چیلنجز سے گزر رہا ہے لیکن ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف معاہدے کے حوالے سے ہماری ٹیکنیکل ٹیم نے کام مکمل کر لیا، بدقسمتی ہے آئی ایم ایف پروگرام کے ریویو کو بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم معیشت کی بہتری کے لیے دن رات کوشاں ہے، سٹیٹ بینک سمیت تمام اداروں کا ملک کی معاشی بہتری میں اہم کردار ہے۔