لاہور: (دنیا نیوز) کئی رہنماؤں کے علیحدہ ہونے کے بعد اب فردوس عاشق اعوان کا بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق فردوس عاشق اعوان آج پریس کانفرنس کریں گی جس میں وہ تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرسکتی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما جمشید اقبال چیمہ، مسرت چیمہ اور ملیکہ بخاری نے بھی پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید چیمہ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، جناح ہاؤس حملے کا کوئی پلان نہیں تھا، 9 مئی کو گھیراؤ جلاؤ اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پر کوئی دباؤ نہیں، رجیم چینج کے بعد عمران خان کے بیانیے کو نہ روکنا ہمارا بھی قصور ہے، ہم اس حوالے سے اپنی ناکامی تسلیم کرتے ہیں۔
جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے برے لمحات میں 9 مئی کا ایک دن ہے، عمران خان کی گرفتاری ہوئی جناح ہاؤس کے باہر ہم پہنچے، ہم نے احتجاج کرنا تھا لیکن لوگ جناح ہاؤس کے اندر داخل ہو گئے، میں 6 بجے وہاں سے نکل گیا تھا، میری لوکیشن چیک کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات سے شرمندگی ہوئی، اس عمل سے جمہوریت کو بھی نقصان ہوا ہے، 9 مئی کو پُرامن احتجاج نہیں کیا گیا نہ ہی مظاہرین کو کنٹرول کیا گیا، احتجاج ہمیشہ پُرامن ہونا چاہیے۔
دوسری جانب تحریک انصاف بھی پارٹی سے الگ ہونے والوں کے خلاف سرگرم ہوگئی ہے۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی چھوڑنے والے مرکزی قیادت کے ارکان کی بنیادی رکنیت ختم کردی۔
ذرائع کے مطابق کور کمیٹی واٹس ایپ گروپ سے عامر کیانی، امین اسلم، شیریں مزاری اور اسد عمر لیفٹ کر گئے جبکہ فواد چوہدری کو کور کمیٹی گروپ سے ہٹادیا گیا۔