لاہور : (دنیانیوز) 9 مئی جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ واقعات میں ملوث سابق آئی جی سندھ وپنجاب میجر (ر) ضیاء الحسن کے بیٹے کوگرفتار کرلیا گیا۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ میجر (ر) ضیاالحسن کے بیٹے رضوان ضیاء کو جیو فینسنگ کی لوکیشن سامنے آنے پر گرفتار کیا گیاہے ۔
پولیس کاکہنا ہے کہ ملزم رضوان کو کور کمانڈر ہاؤس کے باہر احتجاج اور توڑ پھوڑ کے الزام میں گرفتار کیا گیا، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے کوشیش جاری ہیں۔
دوسری جانب جلاؤ گھیراؤ اور پرتشدد واقعات کے بعد روپوش پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور شرپسند مظاہرین کے خلاف سخت کارروائی کے لئے خفیہ اداروں اور پولیس کے اعلیٰ حکام کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ۔
واضح رہے کہ 9 مئی کو سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی طرف سے اسلام آباد ہائی کورٹ سے گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کیجانب سے ملک گیر احتجاج شروع ہوگئے تھے۔
لاہور میں چند مشتعل افراد نے کور کمانڈر ہاؤس (جناح ہاؤس) پر حملہ کرکے وہاں توڑ پھوڑ کی اور فوجی تنصیبات نذر آتش کی تھیں، جس کے بعد حکومت نے فوجی تنصیبات پر حملے میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا تھا۔