فردوس عاشق اعوان نے بھی پی ٹی آئی سے راہیں جدا کر لیں

Published On 26 May,2023 03:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میں شرپسندوں کی کارروائیوں کی وجہ سے پی ٹی آئی چھوڑ رہی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ایجنڈا پاکستان کے لیے زہر قاتل بن گیا ہے، وہ لوگوں کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرتے ہیں اور پھر پھینک دیتے ہیں، یہ ان کا پسندیدہ مشغلہ ہے، وہ سب سے پہلے اپنے محسنوں کے ہی دشمن بن جاتے ہیں۔

فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کی آزادانہ تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو سزا دی جائے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دہشتگرد کارروائیوں کی وجہ سے پی ٹی آئی کا حصہ نہیں رہنا چاہتی، 22 سال سے سیاسی سفرمیں ایسا ماحول اور منظر نہیں دیکھا، ملوث افرادکو عبرتناک سزا دی جائے، واقعات کی آزادانہ انکوائری کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی زمان پارک سے منصوبہ بندی کی گئی، بیرونی ایجںڈے پر سازش تیار کی گئی، سازش کا مقصد اداروں کی تضحیک، غیرملکی آقاؤں کو خوش کرنا تھا، منصوبہ بندی کے تحت شہدا کی یادگاروں پر حملہ کیا گیا، اپنے چشم وچراغ قوم کو دینے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مٹھی بھرشرپسندوں نےعمران خان کی سوچ کو یرغمال بنایا ہوا تھا، میں نے پی ٹی آئی کو نہیں ان کے منشور کو جوائن کیا تھا، سیاسی سفر جاری رہے گا، سیاست کا محور حلقے کےعوام ہیں۔

پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے ملک قاسم خان نے بھی ساتھیوں سمیت پارٹی چھوڑ دی

سابق صوبائی مشیر جیل خانہ جات ملک قاسم خان نے بھی ساتھیوں سمیت تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا۔

سابق صوبائی مشیر ملک قاسم نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعے کی پُرزور مذمت کرتا ہوں، مزید وقت اس طرح کی پارٹی میں نہیں گزار سکتا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جو کہتے ہیں وہ نہیں کرتے اور جو نہیں کہتے وہ کرتے ہیں ، خان صاحب آپ نے جو پارٹی کا نام رکھا ہے یہ زیادتی ہے، تحریک انصاف میں انصاف کا کوئی نام نہیں۔

ملک قاسم نے کہا کہ یہ زیادتیاں اور ناانصافیاں کب تک برداشت کرتے رہیں گے، ہمارے قومی مفاد میں ہے کہ ہم تحریک انصاف چھوڑ دیں۔

ان کاکہنا تھا کہ ہم پر کوئی دباؤنہیں ، سیاست نہیں چھوڑ رہے ،اس کو عبادت سمجھتے ہیں، آئندہ کا لائحہ عمل ہم بیٹھ کر طے کریں گے۔

یاد رہے کہ کرک سے تعلق رکھنے والے ملک قاسم خان سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے مشیر رہے ہیں اور وہ 2013 میں آزاد حیثیت سے الیکشن جیت کر پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے۔

پی ٹی آئی کوہاٹ کے نائب صدر بشیر احمد نے بھی پارٹی کو خیر باد کہہ دیا

پاکستان تحریک انصاف ضلع کوہاٹ کے نائب صدر بشیر احمد نے بھی پارٹی کو خیر باد کہہ دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کوہاٹ کے سینئر نائب صدر بشیر احمد نے 9 مئی کے واقعات کی پر زور مزمت کرتے ہوئے پی ٹی آئی چھوڑنے کا باقاعدہ اعلان کیا۔

کوہاٹ پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے پاک فوج کی تنصیبات کو نقصان پہنچانے اور شہداء کے یادگار مسمار کرنے کی پرزور مزمت کی اور ان واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا اور ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کی ضرورت پرزور دیا۔

بشیر احمد نے کہا کہ ملکی اداروں کو نقصان پہنچانے والی جماعت کے ساتھ چلنا مشکل اور ملک کے ساتھ غداری ہے لہذا ان وجوہات کی بناء پر تحریک انصاف سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔

Advertisement