لیگل ٹیم معاملات دیکھ رہی، جہانگیر ترین کی نااہلی بھی ختم ہو گی، عون چودھری

Published On 26 May,2023 11:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے کھیل و سیاحت عون چودھری نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کی نااہلی بھی ختم ہو گی، ان کی لیگل ٹیم معاملات دیکھ رہی ہے۔

دنیا نیوز کے پروگرام "دنیا کامران خان کے ساتھ " میں گفتگو کرتے ہوئے عون چودھری نے کہا کہ لوگ جہانگیر ترین سے رابطے میں ہیں، رابطہ کرنے والے اپنے سیاسی مستقبل کا تو سوچیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: جہانگیر ترین کا نئی سیاسی پارٹی بنانے کا امکان

مشیر وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی لوگوں سے ملنا سیاست کا حسن ہے، جہانگیر ترین سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، تحریک انصاف کے بہت سارے لوگ رابطے کر رہے ہیں، خیبرپختونخوا کے لوگ بھی جہانگیرترین سے رابطے میں ہیں، آنے والے دنوں میں ایک اچھی خبر ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیرترین کو سیاسی جماعت بنانے کا مشورہ بھی دیا جا رہا ہے، پارٹی کا نام کیا ہو گا فیصلہ جہانگیرترین کریں گے، کچھ دنوں میں چیزیں واضح ہو جائیں گی اور اعلان کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد خاقان عباسی نے ن لیگ چھوڑی تو میں بھی چھوڑ دوں گا، مفتاح اسماعیل

عون چودھری نے کہا کہ اپنی ذات کے لیے لوگوں کے بچوں کو استعمال کیا گیا، فواد چودھری سے بھائیوں والا تعلق ہے، ہم چاہتے ہیں پاکستان ترقی کرے، کچھ دنوں میں سرپرائز بارے معلوم ہو جائےگا۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کو ڈس کوالیفائی کر کے ناانصافی کی گئی، عنقریب جہانگیر ترین کی نااہلی بھی ختم ہو گی، نااہلی کے معاملات کو جہانگیر ترین کی لیگل ٹیم دیکھ رہی ہے۔

Advertisement