لاہور : (دنیانیوز) لاہورہائیکورٹ نے نگران پنجاب حکومت کو کام سے روکنے کی درخواست کو سماعت کیلئے منظور کرنے کا تحریری حکم جاری کر دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ درخواست کو باقاعدہ سماعت کےلیے منظورکیا جاتا ہے ، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کےلیے 27 اے کا نوٹس جاری کردیا گیا۔
عدالت نے وفاقی حکومت ،الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا ، درخواست میں اہم نکات اٹھائے گئے ہیں تمام فریقین 6جون کو تحریری طور پر جواب جمع کرائیں۔
درخواستگزار کے مطابق اسمبلی تحلیل کے 90 روز کے اندرالیکشن ہونا تھے،نگران حکومت غیر آئینی ہے۔
واضح رہے کہ شیخ رشید نے اپنے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی تھی جس میں موقف دیا کہ نگراں حکومت کی 90 دن کی مدت پوری ہو چکی ہے اور آئینی طور پر نگراں حکومت مزید کام نہیں کر سکتی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت نگراں حکومت کو کام سے روکنے کا حکم دے۔