لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم عمران خان طلبی کے باوجود آج جے آئی ٹی میں پیش نہ ہوئے لیکن انہوں نے اپنے وکلاء کے ذریعے درخواست جمع کروا دی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ آج جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس موصول ہوا، نوٹس کا جواب دینے اور جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا بہت کم وقت ملا، آج ضمانت کیلئے اے ٹی سی اور پھر ہائی کورٹ میں پیش ہونا تھا، میری جان کو خطرات کے حوالے سے بھی آپ آگاہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ
سابق وزیر اعظم عمران خان نے درخواست میں مزید لکھا کہ میں نے پاکستان کے 22 ویں وزیر اعظم کے فرائض انجام دئیے ہیں اور وزیر آباد میں جان لیوا حملہ بھی ہو چکا ہے، معلوم ہوا ہے کہ میری جان کو اب بھی خطرہ ہے، زمان پارک میں جے آئی ٹی کسی بھی وقت آ جائے یا مجھے ویڈیو لنک پر لے لیا جائے یا سوال نامہ ارسال کر دیا جائے۔
انہوں نے لکھا کہ میں اپنے وکلا کو اختیار دے رہا ہوں کہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو کر میرا مؤقف پیش کریں، میرے اوپر درج مقدمے میں لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں، میں ہر لحاظ ہے تفتیشی حکام سے تعاون کرنے کیلئے تیار ہوں، گزارش ہے کہ مجھے بذریعہ ویڈیو لنک یا زمان پارک آ کر یا پھر سوالنامہ بھجوا کر شامل تفتیش کیا جائے۔