عمران خان نے وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کو 10 ارب روپے کا ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا

Published On 30 May,2023 12:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیرصحت عبدالقادر پٹیل کو 10 ارب روپے کا ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔

نوٹس چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل ابوذر سلمان نیازی کی جانب سے بھجوایا گیا، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عبدالقادر پٹیل 15 روز میں اپنے الزامات واپس لیں اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے غیر مشروط معافی مانگیں۔

نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ عبدالقادرپٹیل چیئرمین تحریک انصاف کو 10 ارب بطور ہرجانہ ادا کریں، ہرجانہ شوکت خانم ہسپتال میں جمع کروایا جائے گا، عبدالقادر پٹیل نے معافی نہ مانگی تو قانونی کارروائی آگے بڑھائیں گے۔

خیال رہے کہ 26 مئی کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ عمران خان کو گرفتار ہونے کے بعد ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کا میڈیکل ٹیسٹ کیا گیا، ان کا یورین کا سیمپل بھی لیا گیا، ابتدائی رپورٹ میں منشیات کے استعمال کی علامات پائی گئی ہیں، ابتدائی رپورٹ کے بعد شراب اور کوکین کا استعمال کیا گیا۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی میڈیکل رپورٹس میں شراب اور کوکین کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے، میڈیکل رپورٹ عمران خان کو ذہنی طور پر غیرمستحکم قرار دیتی ہے، رپورٹ بتا رہی ہےعمران خان کی حرکات وسکنات درست آدمی کی نہیں۔

 

Advertisement