راولپنڈی: (دنیا نیوز) نیشنل کرائم ایجنسی سے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں نیب کی جانب سے طلب کئے جانے کے معاملے پر سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے اپنے وکیل کے ذریعے نیب میں جواب جمع کروا دیا۔
سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کے وکیل سردار شہباز خان نیب میں پیش ہوئے۔
شیخ رشید نے اپنے جواب میں کہا کہ وفاقی کابینہ میں یہ معاملہ آیا تو کابینہ میٹنگ میں موجود نہیں تھا، میرے پاس اس کیس سے متعلق کوئی ثبوت یا انفارمیشن نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:نئے قانون سے مائنس عمران اور پلس نواز فارمولا وجود میں آسکتا ہے: شیخ رشید
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا اپنے جواب میں کہنا تھا کہ اس وقت کے احتساب وزیر شہزاد اکبر سے بھی تعلقات ٹھیک نہیں تھے اور شہزاد اکبر سے ان دنوں میری کوئی بات چیت بھی نہیں تھی۔
واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کو آج طلب کیا تھا، نیب حکام نے شیخ رشید کو کیس سے متعلقہ دستاویزات بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی تھی۔