مردان: (دنیا نیوز) 9 مئی کے واقعات میں ملوث یونیورسٹی آف انجینئرنگ مردان کے اسٹنٹ کنٹرولر امتحانات محمد اسماعیل کو نوکری سے معطل کر دیا گیا۔
رجسٹرار یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے محمد اسماعیل کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، پولیس کی طرف سے یونیورسٹی کے اسسٹنٹ کنٹرولر کیخلاف تھانہ سٹی میں مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج ہونے کے بعد نوکری سے معطل کیا گیا، معاملہ مزید کارروائی کیلئے یونیورسٹی کے سنڈیکٹ کو بھجوا دیا گیا۔
دوسری جانب مردان میں 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے میں ملوث مزید 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، سیف سٹی کے کیمرے توڑنے والے ملزم کو حراست میں لیا گیا ہے، مردان میں گرفتار ہونے والوں کی تعداد 159 ہوگئی، ملزمان میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ کے اسسٹنٹ کنٹرولر امتحانات محمد اسماعیل سمیت 20 سرکاری ملازمین بھی شامل ہیں۔