لاہور : ( دنیا نیوز ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے پاکستان میں تعینات آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنگز نے ملاقات کی ہے جس کے دوران پاک، آسٹریلیا تعلقات، دوطرفہ معاملات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنگز نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سے ان کی رہائش گاہ زمان پارک میں ملاقات کی اور ملاقات کے دوران جمہوریت کے فروغ و استحکام اور آئین و قانون کی حکمرانی کے حوالے سے تحریک انصاف کے فلسفہ و منشور پر مفصل گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران انسانی حقوق کے عالمی چارٹر، پاکستان میں بنیادی حقوق خصوصاً خواتین اور سیاسی کارکنان کے حقوق کی کیفیت پر بھی بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں پاکستان میں جمہوریت کے معیار، معاشی چیلنجز اور تجارت، سیاحت اور سرمایہ کاری جیسے امور پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔
پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنگز کی زمان پارک آمد
— PTI (@PTIofficial) May 30, 2023
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے خصوصی ملاقات
پاک-آسٹریلیا تعلقات، دوطرفہ معاملات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال
جمہوریت کے فروغ و استحکام اور آئین و قانون کی حکمرانی کے حوالے سے تحریک… pic.twitter.com/LfLTd7HGWe
یاد رہے کہ عمران خان کے ساتھ ملاقات سے قبل آسٹریلوی ہائی کمشنر نے مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔