لاہور: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں 5 جون کو طلب کر لیا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائری میں دسویں مرتبہ طلب کیا گیا ہے، نیب کیجانب سے تحقیقات کیلئے بار بار طلبی پر عثمان بزدار صرف 2 مرتبہ پیش ہوئے ہیں، نیب طلبی کے نوٹس عثمان بزدار کی لاہور اور آبائی رہائش گاہ ڈی جی خان ارسال کیے گئے ہیں۔
نیب ذرائع کے مطابق عثمان بزدار نیب تفتیش میں لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں، نیب عثمان بزدار کیخلاف مجموعی طور پر 9 ارب سے زائد مالیت کے اثاثہ جات بنانے پر تحقیقات کر رہا ہے۔
عثمان بزدار نے تاحال ایسیٹ ڈکلیریشن پرفارمہ پر مکمل تفصیلات نیب کو فراہم نہیں کیں جس پر نیب ٹیم کو تشویش ہے، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کیخلاف اہم پیشرفت کے طور پر نیب نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو سے عثمان بزدار دور کے تمام منصوبہ جات کی تفصیلات بھی 5 جون تک طلب کر لی ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ عثمان بزدار کیجانب سے عدم تعاون کی صورت میں تادیبی کارروائی پر بھی غور کیا جا رہا ہے، نیب ٹیم نے آخری مرتبہ عثمان بزدار کو 30 مئی کو طلب کیا تھا لیکن وہ بیماری کے باعث پیش نہیں ہوئے۔