ماحولیات کی بہتری انسانوں کی اجتماعی بقا کا مسئلہ ہے، مریم اورنگزیب

Published On 05 June,2023 06:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ماحولیات کی بہتری انسانوں کی اجتماعی بقا کا مسئلہ ہے۔

ماحولیات کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ اجتماعی کوششوں سے ہی ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے، بائیو ڈائیورسٹی کا تحفظ نوجوان نسل اپنی زندگی کا مشن بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں: نوازشریف کی سیاست ختم کرنے والی جماعت کرچی کرچی ہو گئی: مریم نواز

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کاربن فٹ پرنٹ میں کمی لانے سے ماحولیاتی تبدیلیوں کے خطرات میں کمی لائی جاسکتی ہے، میرین لائف، مائیکرو آرگن ازمز، پلانٹس، فنگائی اور ہر طرح کے جانوروں کا تحفظ زندگی کا تحفظ ہے، نوجوانوں اور بچوں کو ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کی فورس بننا ہوگا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہر اس چیز کا استعمال بتدریج ختم کرنا ہے جس سے ماحول کو نقصان پہنچ رہا ہے، یکم اگست سے اسلام آباد سے پلاسٹک سے بنی ڈسپوزیبل اشیاء کے خاتمے کی مہم شروع کی جا رہی ہے جو احسن قدم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چودھری پرویز الہیٰ کو اعلیٰ عدلیہ کی حمایت حاصل ہے: عطا اللہ تارڑ

انہوں نے کہا کہ پلاسٹک شاپنگ بیگ، پلیٹ، چمچ، کانٹے، ڈبے، کپ، پیالے، چھری اور ایک بار استعمال شدہ اشیاء کا مرحلہ وار خاتمہ اولین ترجیح ہے، اسٹرا، پلاسٹک کے ڈھکن والی اشیاء اور مشروبات کے لئے پلاسٹک لفافوں کا استعمال بھی بتدریج ختم کرنا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج پلاسٹک اور اس سے بنی اشیاء سے پھیلنے والی ماحولیاتی آلودگی ختم کرنے کا عہد کرنا ہوگا، پلاسٹک کراکری اور دیگر اشیاء بنانے والے کاروباری حضرات نے بھی تعاون کا یقین دلایا ہے، وزارت ماحولیات کا پلاسٹک ڈسپوزیبل اشیاء کے استعمال کے خاتمے کا پلان اہم پیش رفت ہے۔

Advertisement