ماحولیات کا عالمی دن: وزیراعظم کا پلاسٹک کی آلودگی سے نمٹنے کی ضرورت پر زور

Published On 05 June,2023 09:38 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پلاسٹک کی آلودگی پر قابو پانے کیلئے عالمی تھیم کے تحت فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ماحولیات کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان میں پلاسٹک کے فضلے کو کم کرنے کیلئے پرعزم ہے، 70 فیصد پلاسٹک کے فضلے کو غلط طریقے سے ٹھکانے لگایا جاتا ہے، حکومت استعمال شدہ فضلے کو ٹھکانے لگانے کے اقدامات کی فوری ضرورت کو تسلیم کرتا ہے، حکومت نے ماحول دوست متبادل طریقہ کار اپنانے کو ترجیح دی ہے۔

شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں ون یوز پلاسٹک کا استعمال بند کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ استعمال شدہ پلاسٹک کو مرحلہ وار ختم کرنے کے لئے ایک جامع فریم ورک تیار کیا جائے گا، وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کی طرح تمام وزارتیں اسے ختم کرنے اور محدود کرنے کے اقدامات کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی وزارتوں اور تمام ڈویژنز میں پیٹ بوتلوں کے استعمال کو محدود کیا جائے، وزیر اعظم نے پلاسٹک ری سائیکلنگ اور سرکلر اکانومی کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم نے تمام اسٹیک ہولڈرز، شہریوں، سول سوسائٹی سے آنے والی نسلوں کے لئے ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے بھی اپیل کی ہے۔

 

Advertisement