لاہور: (دنیا نیوز) یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب (یو سی پی) میں آٹھویں انٹرنیشنل بزنس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
انٹرنیشنل بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ تعلیم اور اقتصادی ترقی کے درمیان گہرا تعلق ہے، کوئی بھی ملک معاشی ترقی کے اہداف تعلیم کو فروغ دیئے بغیر حاصل نہیں کر سکتا۔
پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ تعلیم کی نئی راہیں تلاش کرنے والی اقوام ترقی کرتی ہیں، خوشحال پاکستان کے لیے امن اور سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، یونیورسٹیاں مفکرین، سائنسدان اور کاروباری حضرات پیدا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 187 بلین ٹن کوئلے کے ذخائر موجود ہیں جن کی مالیت 30 ٹریلین ڈالر ہے، کلین کول ٹیکنالوجیز کو استعمال کرتے ہوئے 500 سال تک ایک لاکھ میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایندھن کا درآمدی بل 21.43 بلین ڈالر ہے جو اس کے کل زرمبادلہ کا 66 فیصد ہے، توانائی کے شعبے میں پاکستان درآمدی تیل و گیس پر انحصار کرنے کی بجائے مقامی وسائل کو استعمال میں لائے۔
2 روزہ کانفرنس کے 6 مختلف سیشنز میں 40 سے زائد تحقیقی مقالے پیش کئے گئے، کوئنز لینڈ یونیورسٹی آسٹریلیا کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹرمحمد ندیم نے کی نوٹ خطاب کیا۔
انٹرنیشنل بزنس کانفرنس سے پروریکٹر یو سی پی ڈاکٹر نصر اکرام اور ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز ڈاکٹر محمد اطہر صدیقی نے بھی خطاب کیا۔