اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم کے حوالے سے ابھی تک کوئی مشاورت نہیں ہوئی، ہم بند کمروں میں ایکسٹینشن دینے والے لوگ نہیں، ہم عوام کے سامنے فیصلہ کریں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بجٹ کے حوالے سے وزیر اعظم نے مشاورتی اجلاس کیے ہیں، بجٹ میں یوتھ کے حوالے سے بڑا پروگرام دیا جائے گا، بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے، سیاسی استحکام ہو گا تو معاشی استحکام ہوگا، گزشتہ چار سال میں معیشت کا جنازہ نکالا گیا، مسلط شدہ مائنڈ سیٹ نے اپوزیشن کو جیلوں میں ڈالا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت نے ملک کی معاشی سمت کو درست کر دیا ہے، کسان پیکیج کی وجہ سے گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، کسان پیکیج کی دوسری قسط آ رہی ہے، جب آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدہ شروع ہوتا یہ تب دنگا فساد شروع کر دیتا تھا، زمان پارک میں پٹرول بم پھینکے گئے، میٹرو سٹیشن، درخت جلا دیئے گئے، نو مئی کو حساس تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، ایمبولینس، سکول، ہسپتال جلائے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے معاشی، قومی مفادات کونقصان پہنچانا پی ٹی آئی کا مشن ہے: مریم اورنگزیب
مریم اورنگزیب نے مزید کہا ہے کہ معیشت میں استحکام نہیں آ رہا تو ذمہ دار یہ مائنڈ سیٹ ہے، یہ مائنڈ سیٹ ملک کیخلاف کام کر رہا ہے، یہ شخص چاہتا ہے ملک میں دہشت گردی اور مہنگائی ختم نہ ہو، پی ٹی آئی کے عہدے دار کی تصویریں سامنے آگئی ہیں، جیلوں میں خواتین کے حوالے سے غلط خبریں پھیلائی گئیں، جب ہر سازش فیل ہو جاتی ہے تو امریکا کو کہتا ہے پاکستان کی ملٹری ایڈ بند کر دیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ جو کچھ کر رہا ہے ملک دشمن لوگ کرتے ہیں، تم ایسے خودکش بمبار ہو کبھی ترقی، کبھی ملکی سلامتی پر پھٹ جاتے ہو، اس کا ایک مشن فیل تو اگلا شوشا چھوڑ دیتا ہے، ہر وقت کسی کو بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا، 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کا جواب دینا ہوگا، توشہ خانہ، قومی خزانے کو لوٹا، اگر پی ٹی آئی پر پابندی کی بات ہو رہی ہے تو ذمہ دار یہ شخص ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا بیرون ملک ملٹری ایڈ بند کرنے کے حوالے سے قراردادیں سائن کروا رہے ہیں، یہ کوئی سیاست نہیں ملک کے ساتھ غداری اور دشمنی ہے، یہ ہر دفعہ بے نقاب ہوتا ہے، کبھی نوجوانوں کو استعمال کرتا ہے، خواتین کو ہیومن شیلڈ کیلئے استعمال کرتا ہے، نومئی کو یہ سڑکوں پر لاشیں چاہتا تھا، سائفر مشن کے تحت لہرایا گیا تھا، جنرل فیض یا کوئی بھی سہولت کار ہو سب کو قانون کے کٹہرے میں لاکر سزا ملنی چاہیے۔