لاہور : (دنیانیوز) اینٹی کرپشن کورٹ نے پنجاب اسمبلی میں غیرقانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی اور شریک ملزم رائے ممتاز کی درخواست ضمانت پر سماعت ( کل ) 9 جون تک ملتوی کردی۔
اینٹی کرپشن کورٹ کے جج علی رضا نے پرویز الہٰی اور شریک ملزم رائے ممتاز کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، پرویز الہٰی کی جانب سے ایڈووکیٹ رانا انتظار عدالت میں پیش ہوئے۔
تفتیشی افسر نے آج بھی مقدمہ کا ریکارڈ عدالت میں پیش نہ کیا، پراسیکیوشن نے تفتیشی افسر کی جانب سے جواب عدالت میں جمع کروا دیا، پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر کوئٹہ گیا ہوا ہے اور ریکارڈ اس کے پاس ہے، پراسیکیوشن نے تفتیشی افسر کے کوئٹہ جانے کی ٹکٹ بھی عدالت کو پیش کردی۔
معزز جج علی رضا نے مقدمہ کا ریکارڈ پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا، عدالت نے ریمارکس دیے کہ ڈی جی اینٹی کرپشن کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کر لیتے ہیں۔
بعدازاں عدالت نے پرویز الہٰی اور شریک ملزم رائے ممتاز کی درخواست ضمانت پر مزید سماعت کل تک ملتوی کردی۔
یاد رہے پرویز الہٰی اور دیگر پر پنجاب اسمبلی کے ریکارڈ میں ردوبدل کرکے بھرتیوں کا الزام ہے، پرویز الہٰی کے شریک ملزم رائے ممتاز حسین نے بھی درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہے۔