پی پی پی پالیسی بورڈ کا اجلاس، وزیر اعلیٰ سندھ نے متعدد منصوبوں کی منظوری دیدی

Published On 08 June,2023 06:10 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ (پی پی پی) پالیسی بورڈ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔

وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے کہا کہ گرین اور اورنج لائن بی آر ٹی روٹس پر روزانہ 50 ہزار مسافر سفر کرتے ہیں، ان روٹس کے لیے 200 بسوں کی ضرورت ہے، نئی الیکٹرک بسیں لی جائیں گی.

یہ بھی پڑھیں: برآمدات میں کمی، جی ڈی پی گروتھ 0.29 فیصد رہی، اسحاق ڈار

وزیر اعلیٰ سندھ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ بسوں کے سائز اور ریکوائرمنٹ بنانے کی پالیسی بورڈ میں پیش کریں، یلولائن بی آر ٹی کے لیے بسوں کی سپلائی اور آپریشن پر بھی غور کیا گیا، شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی اربن موبیلٹی پراجیکٹ کے تحت یلولائن چلائی جائے گی، یلولائن پراجیکٹ کی مدد سے 75 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہو گی، پراجیکٹ کے لیے نصف فنڈز ورلڈ بینک ادا کرے گا، پی پی پی پالیسی بورڈ نے پراجیکٹ کی پرائیویٹ پارٹنرشپ پر لانے کی منظوری دے دی۔

وزیر موسمیاتی تبدیلی اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ ایک بہترین کوسٹل بیلٹ ہے جس پر پام آئل لگ سکتے ہیں، سندھ نے پائلٹ پراجیکٹ کے تحت کوسٹل بیلٹ میں پام آئل پروڈکشن شروع کی، یہ پراجیکٹ بہترین طریقے سے کامیاب ہوا، کابینہ نے 3000 ایکڑ جنگلات کی اراضی پر پام آئل کے درخت لگانے کی منظوری دی ہے۔

اسماعیل راہو نے کہا کہ اب پام آئل کی نرسری لگانی ہے، 3 ہزار ایکڑ پر پام آئل لگانا اور نرسری قائم کرنے کیلئے فزیبلیٹی کروانی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نے پرائیویٹ سیکٹر کو فزیبلیٹی بنانے کی منظوری دے دی۔

چیف سیکرٹری سہیل راجپوت نے کہا کہ کندھ کوٹ برج 12 کلومیٹر ہے، یہ پراجیکٹ سندھ حکومت پی پی پی موڈ کے ذریعے کر رہی ہے، پرائیویٹ پارٹنرشپ نے اپنے فنڈز پراجیکٹ کیلئے مہیا کیے ہیں، سندھ حکومت کو اپنے فنڈز ادا کرنے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ حکومت کو فنڈز فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔