اسلام آباد: (دنیانیوز) فاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی سربراہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاستدانوں سے بات سیاستدان اور جمہوری شخص کرتا ہے ، ایک شخص کے دماغ میں نہ آئین کی گنجائش ہے، نہ قانون کی، صرف تکبر، انا، ضد اور مکاری بھری ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی سربراہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات، شہداکی یادگاروں پر حملہ بھی اس لئے کرایا تھا کیونکہ وہ مان نہیں رہے؟ سیاسی ابوالہول (Sphinx) کا دماغ ہٹلر کا جبکہ جسم گرگٹ کا ہے جو حالات کے ساتھ ساتھ رنگ ہی نہیں، آنکھیں اور بیان بھی بدلتا رہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص کے دماغ میں نہ آئین کی گنجائش ہے، نہ قانون کی، نہ انسانیت اور نہ ہی اخلاقیات کی، صرف تکبر، انا، ضد اور مکاری بھری ہے ،جلسے میں الزام لگاتا ہے پھر معافی مانگ کر امریکا میں لابی کمپنیاں بناتا ہے۔
وزیر اطلاعات کاکہنا تھا کہ سیاستدانوں سے بات سیاستدان اور جمہوری شخص کرتا ہے، اصل میں تلاش کاندھے اور بیساکھی کے سہارے کی ہے جو اب میسر نہیں، آر ٹی ایس کی معاونت کی التجا ہے، فارن فنڈنگ، ٹیریان، 190 ملیں پاؤنڈ، القادر ٹرسٹ جیسی چوریاں، ڈاکے اور جرائم سے نجات کا این آر او درکار ہے لیکن یہ طلسماتی سہولیات اب دستیاب نہیں، لیکن پوچھنا یہ تھا کہ آدھا حملہ کیسے ہوتا ہے ۔