کراچی: (دنیا نیوز) سمندری طوفان "بپر جوائے" کا رُخ تبدیل ہونا شروع ہو گیا، کراچی کے ساحل سے فاصلہ 340 کلومیٹر سے بڑھ کر 370 کلو میٹر ہو گیا، تاہم کل کیٹی بندر سے طوفان ٹکرانے کا خدشہ اب بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان اب کراچی سےتقریباً 310 کلومیٹر، ٹھٹھہ سے 300، کیٹی بندر سے 240 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، اس وقت طوفان کے مرکز کے گرد ہواؤں کی رفتار تقریباً 150 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ لہروں کی اونچائی 30 فٹ ہے، اس وقت "بپرجوائے" شمال، شمال مشرق کی سمت بڑھ رہا ہے۔
سمندری طوفان کے باعث منوڑہ جانے والا زمینی راستہ بھی منقطع ہوچکا ہے جبکہ ہاکس بے کے سمندر میں طغیانی بڑھ گئی ہے۔
ٹھٹھہ ،بدین اور دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں کے جھکڑ، ایمر جنسی نافذ، شہر قائد میں بوندا باندی، کیٹی بندر کو خالی کرالیا گیا، گڈانی میں بھی لہریں انتہائی بلند، مزید موسلا دھار بارشوں کا خطرہ ہے۔
طوفان بپر جوائے کے پیشِ نظر کیٹی بندر پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے لگی ، کھارو چھان کے کئی دیہات زیرِ آب آگئے، بدین کے ساحلی علاقوں میں پانی ماہی گیروں کی بستی کے قریب پہنچ گیا۔
بائپرجوائے کیٹی بندر سے 300 کلومیٹر جنوب مغرب، کراچی سے 350 جبکہ ٹھٹھہ سے 360 کلومیٹر جنوب میں موجود ہے.طوفان شمال کیجانب رہنے کیبعد 15 جون بعد از دوپہر شمال مشرق کیجانب رخ کرتے ہوئے کیٹی بندر و بھارتی گجرات سے گزرے گا. محتاط رہیں محفوظ رہیں.#CycloneBiparjoy
— NDMA PAKISTAN (@ndmapk) June 14, 2023
Multiple Sources pic.twitter.com/RylmjlhPtf
ابراہیم حیدری میں پانی کی سطح کئی فٹ تک بلند
کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں پانی کی سطح کئی فٹ تک بلند ہوگئی جبکہ ٹھٹھہ ،سجاول اور بدین کے ساحلی علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں سے ہائی ٹرانسمیشن لائن کے پول گرگئے جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
دوسری جانب طوفان کی آمد سے پہلے کیٹی بندر شہر کو خالی کرالیا گیا جبکہ بدین کے ساحلی علاقوں، سجاول سے بھی نقل مکانی شروع ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سجاول میں آج صبح 10 سے دوپہر 12 بجے کے درمیان کا وقت خطرے سے بھرپور ہے، جاتی، کھارو چھان اور شاہ بندر کے علاقے خطرے کی زد میں ہیں۔
محکمہ موسمیات کے اندازوں کے مطابق طوفان 15جون کی دوپہر یا شام کو سندھ میں کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان ٹکرائے گا، طوفان میں ہواؤں کی رفتار 100 سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے۔
سندھ میں تیز ہوائیں اور بارش متوقع
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، آج سے 17 جون کے دوران ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر، عمرکورٹ میں 80 سے 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، حیدر آباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، میرپور خاص میں 60 سے 80 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوائیں متوقع ہیں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، طوفان کے اثرات پری مون سون موسم پر بھی ہوں گے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کھارو چھان کی 1300 کی آبادی کو خطرہ ہے جس میں سے 6 لوگ رات بھر منتقل کئے گئے، جاتی کی 10 ہزار آبادی خطرے کی زد میں آنے کا خدشہ ہے اس لئے رات بھر 100 لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ابھی تک 40 ہزار 800 میں سے 6836 لوگ منتقل ہو چکے ہیں، باقی لوگوں کی منتقلی کا سلسلہ دن بھر جاری رہے گا، ٹھٹھہ، بدین اور سجاول اضلاع کے لوگوں کو بھی انتظامیہ منتقل کرتی رہے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ لوگ اپنے گھر چھوڑنا نہیں چاہتے لیکن ان کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، لوگوں سے اپیل ہے کہ انتظامیہ سے تعاون کریں اور محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں۔
این ڈی ایم اے
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے متعلقہ اداروں کو مقامی زبان میں سمندری طوفان سے متعلق آگاہی مہم کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ عوام موسمیاتی حالات سے آگاہ رہیں اور ساحل پر جانے سے گریز کریں، ماہی گیر کھلے سمندر میں کشتی رانی سے بھی گریز کریں، ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل اور ان سے تعاون کریں۔
کمشنر کراچی نے شہریوں کے ساحل سمندر پر جانے، ماہی گیری، کشتی رانی، تیراکی اور نہانے پر طوفان کے خاتمے تک کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
تمام ضلعی افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ
سندھ حکومت نے تمام ضلع افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں اور کراچی سمیت ساحلی اضلاع میں کنٹرول روم قائم کرنے کا حکم دیا گیا ہے، اس کے علاوہ زیر تعمیر عمارتوں پر لگے میٹریل بھی ہٹانے کا حکم صادر کیا گیا ہے۔
محکمہ صحت اور کے ایم سی ہسپتال ہائی الرٹ کر دیئے گئے ہیں جبکہ ڈی ایم سیز اور کنٹونمنٹ کو بل بورڈ ہٹانے کی ہدایات دی گئی ہیں، خطرناک عمارتوں سے رہائشیوں کی نقل مکانی اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو ریلیف کیمپ قائم کرنے کی ہدایت دی گئی ہیں۔
سندھ حکومت نے واٹر بورڈ ڈی واٹریننگ پمپ لگانے، ضلع انتظامیہ، رینجرز اور کوسٹ گارڈ کو دفعہ 144 پر عمل درآمد یقینی بنانے اور شیشے والی عمارتوں کے مالکان سے بات کر کے حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ کے الیکٹرک کے سی ای او کو بجلی کھمبوں سے جانوں کا تحفظ یقینی بنانے اور پمپنگ سٹیشنز کو بلا تعطل بجلی فراہمی یقینی بنانے کا حکم صادر کیا گیا ہے۔
بپر جوائے سے نمٹنے کیلئے فوجی دستے تعینات
ممکنہ سمندری طوفان "بپر جوائے" سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کے تازہ دم دستے تعینات کر دیئے گئے۔
ممکنہ سمندری طوفان بپر جوائے سے بچنے کیلئے حفاظتی اقدامات بارے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں ڈی جی رینجرز سندھ، جی او سی حیدرآباد گیریژن سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں " بپر جوائے" سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی بنائی گئی اور پاک فوج کی خدمات لیتے ہوئے تازہ دم دستے حفاظتی اقدامات کے طور پر تعینات کر دیئے گئے۔
پاک آرمی کی کمانڈ نے فیصلہ کیا کہ پاک آرمی کے مزید دستے بھی ممکنہ ریسکیو آپریشنز کیلئے اپنے فرائض سرانجام دیں گے، پاک فوج عوام کو مشکل وقت میں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔
وزیر اعظم کا وزیر اعلیٰ سندھ کو فون، طوفان بارے پیشگی انتظامات کو سراہا
وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ٹیلی فون کیا، شہباز شریف نے سمندری طوفان "بپر جوائے" سے نمٹنے کے پیشگی اقدامات کر وزیر اعلیٰ سندھ کی کاوشوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جہازوں، ماہی گیروں، ساحلی انفراسٹرکچر، سیلاب کے خطرے، ٹھٹہ، بدین اور سندھ کے جنوبی مشرقی علاقوں سے متعلق خدشات پر وفاق اور صوبائی حکومتوں اور اداروں کے درمیان موثر حکمت عملی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ متعلقہ علاقوں سے عوام کی بروقت محفوظ علاقوں میں منتقلی یقینی بنائی جائے، اس موقع پر وزیراعظم کو متعلقہ علاقوں میں عوام کو پیشگی خبردار کرنے اور اطلاعات پہنچانے کے حوالے سے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا، وزیراعظم نے ہنگامی صورتحال میں ضروری سامان، آلات اور دیگر متعلقہ اشیاء کے پیشگی انتظامات پر بھی آگاہی حاصل کی۔
شہباز شریف نے صورتحال سے نمٹنے میں وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاق کے زیر انتظام تمام ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے سندھ حکومت کی مدد کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف کے جذبے اور فکرمندی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
پی ڈی ایم اے سندھ کی طوفان میں گھر کی بجلی، گیس بند رکھنے کی ہدایت
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ طوفان کی صورت میں گھر کی بجلی اور گیس بند کر دیں۔
پی ڈی ایم اے سندھ کے مطابق ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھر پارکر، میر پور خاص اور عمر کوٹ میں طوفان کے باعث تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، تیز ہوائیں کمزور اور کچے مکانات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، ان اضلاع میں موسلا دھار بارش کا امکان بھی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ماہی گیر 17 جون تک کھلے سمندر میں جانے سے گریز کریں، نشیبی علاقوں خصوصاً ساحلی پٹی سے انخلاء کی تیاری کریں، عوام اپنی ضرورت کے الیکٹرونکس آلات کو چارج کر لیں، اپنی ضروری دستاویزات کو واٹر پروف تھیلوں میں محفوظ کر لیں۔
پی ڈی ایم اے سندھ نے مزید کہا ہے کہ حکومتی حکام کی طرف سے ہدایت کی جائے تو محفوظ پناہ گاہ میں چلے جائیں۔
ڈی ایچ اے کی علاقہ مکینوں کیلئے ہدایات جاری
ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) نے علاقہ مکینوں کیلئے سوشل میڈیا پر ہدایات بھی جاری کر دی ہیں، انہیں مشورہ دیا گیا کہ اپنے تہہ خانے کے داخلی راستوں اور کھڑکیوں کی حفاظت کریں تاکہ طوفان کے سبب آنے والے پانی سے ان کی املاک کو نقصان پہنچنے سے روکا جا سکے۔
انتظامیہ نے ہدایت کی کہ تہہ خانے کے دروازے پر ریت کے تھیلوں سے عارضی دیوار بنائیں یا چنائی کر کے بلاک لگا دیں، مرکزی گیٹس پر نالیوں کی اچھی طرح صفائی کی جائے، تمام الیکٹرک کنکشنز کو محفوظ کیا جائے اور مین ہولز اور پائپوں کو صاف کیا جائے۔
انتظامیہ کی جانب سے علاقہ مکینوں کو تہہ خانوں اور گراؤنڈ فلورز سے قیمتی اشیاء ہٹانے اور چھتوں سے کمزور چیزیں ہٹانے کیلئے کہا گیا تاکہ وہ کہیں تیز ہواؤں سے اڑ نہ جائے۔
علاوہ ازیں ڈی ایچ اے نے رہائشیوں سے خوراک، پانی، فرسٹ ایڈ کٹ اور ادویات کی وافر فراہمی کے علاوہ بجلی کی ممکنہ بندش کے پیش نظر ٹارچ اور موم بتیاں بھی ساتھ رکھنے کی ہدایت کی۔
بلوچستان کی ساحلی پٹی پر بھی ہائی الرٹ
دوسری جانب سمندری طوفان کے خدشے کے پیش نظر بلوچستان کی ساحلی پٹی پر بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔
بپر جوائے کے ممکنہ خدشے کے باعث دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، متعلقہ محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں، جبکہ ہسپتالوں میں بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ کمشنر مکران اور قلات طوفان سے نمٹنے کے اقدامات کی نگرانی کریں، ماہی گیر سمندر کو سب سے بہتر سمجھتے ہیں ان سے صورتحال پر مشاورت کی جائے۔
وزیراعلیٰ کو ڈی جی پی ڈی ایم اے کی جانب سے متوقع صورتحال کے مطابق امدادی سرگرمیوں کی تیاری پر بریفنگ دی گئی، ڈی جی پی ڈی ایم اے اپنی ٹیم، مشنری اور امدادی سامان کے ساتھ گوادر میں موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کرتے ہوئے اس کے مطابق لائحہ عمل مرتب کیا جائے، سمندری طوفان میں ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے موثر طور پر نمٹنے کی تیاری مکمل رکھی جائے۔