کراچی: (دنیا نیوز) سول ایوی ایشن نے بپر جوائے طوفان کے حوالے سے کراچی ائیرپورٹ کی بندش کی خبروں کی تردید کردی۔
ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق خراب موسم کی پیشگوئی کی صورت میں ائیرپورٹس پر طے شدہ ایس او پیز کے تحت حفاظتی اقدامات کیے جاتے ہیں اس لیے بپر جوائے طوفان کے حوالے سے کراچی ائیرپورٹ کی بندش کی خبریں درست نہیں ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ائیرپورٹس پر ہوا کی رفتار اور موسم کے حوالے سے پائلٹس کو مسلسل باخبر رکھا جانا معمول کی بات ہے، غیر معمولی حالات میں پائلٹس زمینی و موسمی حقائق دیکھتے ہوئے ٹیک آف یا لینڈنگ کے لیے قریبی موزوں منزل کا فیصلہ کرتے ہیں۔
سول ایوی ایشن نے اس حوالے سے ائیرلائنز اور پائلٹس کو پہلے ہی احتیاط برتنے کا نوٹم جاری کردیا ہے کہ خراب موسم میں ائیرلائنز کی جانب سے شیڈولز میں خلل پڑسکتا ہے۔