کراچی: (دنیا نیوز) سمندری طوفان "بپر جوئے" خطرے کے پیش نظر قومی ایئرلائن پی آئی اے نے حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے۔
طوفان کے اثرات، ہوائی اڈوں اور ہوائی گزرگاہوں پر کل صبح 3 بجے شروع ہوں گے، طوفان کے کراچی اور سندھ کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کے خطرے کے پیش نظر پی آئی اے نے حفاظتی ٹیمیں ترتیب دے دیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق تیز ہواؤں کے باعث پروازوں کا رُخ متبادل ایئر پورٹس کی جانب موڑ دیا جائے گا، موسم خرابی کی صورت میں کراچی اور سکھر کی پروازوں کے لیے لاہور یا ملتان "کو ائیر پورٹس" ہوں گے۔
پی آئی اے کے مطابق تیز ہواؤں کے باعث آج کراچی سکھر کراچی پرواز منسوخ کر دی گئی، کل بھی موسم کی مناسبت سے فیصلہ ہو گا، ایمرجنسی ریسپانس سنٹر اور ریمپ سیفٹی ٹاسک فورس کو بھی فعال کر دیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق رن وے اور ایپرن کے اطراف کنٹینرز، ٹرالیز، ڈالیز، انجینئرنگ آلات اور ریمپ والی گاڑیاں محفوظ جگہ منتقل کر دی گئیں، زمین پر کھڑے جہازوں کو پارکنگ چاکس سے ہواؤں اور آندھی سے محفوظ رکھا جائے گا۔