سی ٹی ڈی بلوچستان کی کارروائی، خود کش بمبار سمیت 4 دہشت گرد ہلاک

Published On 14 June,2023 10:34 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی )بلوچستان نے بڑی کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے، دہشت گردوں سے خودکش جیکٹ برآمد ہوئی۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی نے پاک افغان بارڈر کے قریب گوہری کول کے خفیہ ٹھکانے پر چھاپہ مارا، کارروائی گرفتار ملزم کی نشاندہی پر کی گئی۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لیا گیا تو دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ میں خودکش بمبار سمیت 4 دہشت گرد مارے گئے۔

دہشت گردوں کے ٹھکانے سے جدید اسلحہ، دستی بم اور دہشت گردی کے واقعہ میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کر لی گئی۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔