کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان سے عازمین حج کیلئے حجاز مقدس کا سفر آسان ہوگیا، کوئٹہ کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے براہِ راست حج پروازوں کا آغاز کر دیا گیا۔
ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق گزشتہ رات قومی ایئر لائن کی 2 پروازیں پی کے 6133 اور 6137 تین سو عازمینِ حج کو لے کر مدینہ روانہ ہوئیں۔
پی آئی اے کی پرواز پی کے 747 نے کوئٹہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کیٹیگری-II کے نئے رن وے پر گزشتہ رات پہلی نائٹ لینڈنگ کی، یہی پرواز بعد ازاں 145 عازمینِ حج کو لے کر براہِ راست مدینہ کیلئے روانہ ہوئی۔
پی آئی اے کے پائلٹ کا کہنا ہے کہ رات میں کوئٹہ ایئر پورٹ کے نئے کیٹ ٹو رن وے پر اترنا انتہائی خوش گوار تجربہ تھا۔
اس سے قبل کوئٹہ سے عازمینِ حج کو پہلے کراچی کا سفر کرنا پڑتا تھا، حال ہی میں اپ گریڈڈ 12000 فٹ طویل رن وے کی بدولت براہِ راست پروازیں ممکن ہوئی ہیں۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق نئے رن وے پر نصب CAT-II جدید ایئر فیلڈ لائٹنگ سسٹم ہر قسم کے موسمی حالات میں آپریشنز کو یقینی بناتا ہے۔
نئے رن وے کی بدولت وائیڈ باڈی جہاز (بوئنگ 777 اور اس کے مساوی) اب کوئٹہ ایئر پورٹ آ سکتے ہیں۔